وظیفے کے امتحان میں کامیاب طلباء کے اعزاز میں تقریب

تقریب کے موقع پر موجود طالبات انعامات کے ساتھ

تقریب کے موقع پر موجود طالبات انعامات کے ساتھ

گزشتہ دنوں گوادر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں تحصیل گوادر کے سکولوں کے جماعت پنجم میں پوزیشن ہولڈر طلباء کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب مجید نے جماعت پنجم کے وظیفے کے امتحان کا اعلان کیا۔

نتائج کے مطابق وظیفے کے امتحان میں 897 طلباء نے شرکت کی جس میں سے 805 کامیاب ہوئے جبکہ 72 طلباء ناکام ہوئے۔ اس لحاظ سے کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔ امتحان میں پہلی پوزیشن محمد ولد محمد انور نے حاصل کی جن کا تعلق گونمنٹ بوائز ہائی سکول سربندن سے ہے۔ انہیں اس موقع پر تین ہزار روپے کیش اور میڈل دیا گیا۔

کامیاب ہونے والی طالبات انعام وصول کرتے ہوئے

کامیاب ہونے والی طالبات انعام وصول کرتے ہوئے

دوسری پوزیشن نعیمہ بنت ہاشم نے حاصل کی جن کا تعلق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سربندن سے ہے۔ انہیں اس موقع پر دوہزار روپے انعام اور میڈل دیا گیا۔ تیسری پوزیشن سائرہ بنت جہانگیر نے حاصل کی جن کا تعلق وژن پبلک فیلو شپ گرلز مڈل سکول گوادر سے ہے۔ انہیں اس موقع پر پانچ سو روپے انعام اور میڈل دیا گیا۔

اس کے علاوہ وژن پبلک فیلو شپ گرلز مڈل سکول سے نجمہ بنت ابراہیم، حزیفہ بنت عبد المجید، مروا بنت اصغر علی، گل بانو بنت عبد الغفور، ہائی سکول سربندن سے راشد ولد محمد اور گرلز ہائی سکول گوادر سے ناول ولد اللہ بخش اور ثناء بنت عثمان کو اچھے نمبر حاصل کرنے پر پانچ، پانچ سو روپے انعام دیا گیا۔

کامیاب ہونے والی طالبات انعام وصول کرتے ہوئے

کامیاب ہونے والی طالبات انعام وصول کرتے ہوئے

اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بچوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی محنت اور لگن سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ہمارے مستقبل کو روشن کریں گے۔ انہوں نے طلباء سے مخاطب ہو کر کہا کہ مستقبل میں وہ ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر شعبوں کے ماہرین بن کر اس ملک کے ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اٹھائیں گے، اور اس کی تیاری انہیں آج ہی سے کرنا ہوگی۔ انہوں نے طلباء سے مزید کہا کہ وہ اپنی تعلیم کو ادھوری ہرگز مت چھوڑیں کیونکہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم ہی ہے۔

انہوں نے والدین سے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کی خاطر انکی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں گے کیونکہ اگر گوادر کو اگلے چند سالوں میں ترقی کا سفر طے کرنا ہے تو یہی بچے اس مستقبل کے معمار ہوں گے۔

About سلیمان ھاشم