چین کے سفیر کا گوادر کا دورہ، مختلف پروجیکٹس کا جائزہ

gwadar

27 جولائی کو چین کے سفیر سن ویڈنگ نے گوادر کا دورہ کیا اور گوادر میں مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا۔ ان پروجیکٹس میں گوادر کا نیا انٹرنیشنل ائیرپورٹ، گوادر ایکسپریس وے اور گوادر سیوک سنٹر شامل ہیں۔

سن ویڈنگ نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے چئیرمین دوستین خان جمالدینی سے بھی ملاقات کی جنہوں نے سفیر کے اعزاز میں گوادر PC ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں گوادر کے ضلعی چئیرمین بابو گلاب، گوادر میونسپل کمیٹی کے چئیرمین عابد رحیم سہرابی، گوادر یو سی کے کونسلران کے علاوہ گوادر کے مختلف سکولوں کے اساتذہ اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی گوادر عبدالخالق ابڑو بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سن ویڈنگ نے اساتذہ اور ٹیکنیشنز کو اپنی طرف سے انعامات دئیے اور ساتھ ہی انہوں نے گوادر کے سکول اور ہیلتھ سنٹر بہتر بنانے کے لئے چار ملین روپے کا عطیہ دیا۔

چینی ایمبیسی کے آفیسر نے اس موقع پر گوادر کے پرائیویٹ سکولوں کے سربراہ ناصر رحیم سہرابی اور ایجوکیشن آفیسر محمد جان خان رضا کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کی رو سے گوادر کے پانچ ہونہار طلباء و طالبات کے چین میں تعلیمی سکالرشپ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مقامی صحافیوں کو اپنے اخراجا ت پر چین کے دورہ کی دعوت دیتے ہیں۔

اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چئیرمین نے چین کے سفیر کو ایک قالین اور میڈل تحفے کے طور پر دئیے۔ چین کے سفیر کا کہنا تھا کہ گوادر کے عوام بہت ملنسار اور شریف لوگ ہیں اور چین سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین گوادر میں تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

About سلیمان ھاشم